کولکتہ 9 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی ایم کے جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے آج کہا کہ ان کی پارٹی اپنی خامیوں اور کمزوریوں کا پتہ چلائیگی اور پارٹی کو مستحکم اور موثر بنانے اور تنظیم کو طاقتور بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔ سی پی ایم کی 24 ویں ریاستی کانفرنس کا یہاں افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے پرکاش کرت نے کہا کہ ہم تنقیدی طور پر جائزہ لیں گے کہ ہماری کمزوریاں اور خامیاں کیا ہیں تاکہ سی پی ایم کو ایک طاقتور اور موثر پارٹی اور ایک مستحکم تنظیم بنایا جاسکے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ یہ پارٹی تمام طبقات کے عوام سے جڑی ہوئی ہے ۔ ترنمول کانگریس و بی جے پی کو شکست دینے تنظیم کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پرکاش کرت نے الزام عائد کیا کہ ترنمول کانگریس کی حکومت نے ریاست میں سی پی ایم کے خلاف غیر جمہوری حملوں کا آعاز کردیا ہے اور ساری اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ مغربی بنگال ایسی ریاست بن گئی ہے جہاں جمہوری حقوق اور خود جمہوریت پر حملے کئے جا رہے ہیں۔ بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے سی پی ایم جنرل سکریٹری نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت کے اقتدار پر آنے کے بعد سے فراخدلانہ معاشی پالیسیوں کا آغاز ہوگیا ہے جس کے نتیجہ میں تمام طبقات کے عوام کو نقصان ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا طاقتوں کے جارحانہ تیور بھی بہت بڑھ گئے ہیں۔ سی پی ایم کی پانچ روزہ ریاستی کانفرنس میں امکان ہے کہ پارٹی تنظیم کو از سر نو متحرک کرنے اور آئندہ سال مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے قبل نئے چہروں کو متعارف کروانے پر غور کیا جائیگا ۔ اس اجلاس کو اس لئے بھی اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ آئندہ ماہ کولکتہ میونسپل کارپوریشن کیلئے انتخابات ہونے والے ہیں۔ یہ کانفرنس ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب پارٹی نہ صرف اپنا کھویا ہوا وقار بحال کرنے میں ناکام ہوگئی ہے بلکہ ریاست میں وہ اپوزیشن کی حیثیت سے بھی محروم ہوسکتی ہے ۔