حیدرآباد 2 نومبر ( پی ٹی آئی ) اگر ملک میں عام انتخابات قبل از وقت منعقد کئے جاتے ہیں تو سی پی ایم ان کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو گجرات میں جی ایس ٹی کے نفاذ اور نوٹ بندی کی وجہ سے حکومت مخالف لہر کا سامنا ہے اور یہی رائے عامہ ہماچل پردیش میں بھی ہے ۔ ان دونوں ریاستوں میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قبل از وقت انتخابات کی باتیں ہو رہی ہیں۔ عوام میں نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے برہمی ہے ۔ ان دو کاموں کی وجہ سے عام کی گذر بسر مشکل ہوگئی ہے ۔ انہوں نے یہاں ایک پارٹی پروگرام کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس کا علم نہیں ہے ۔ اس پر فیصلہ کرنا حکومت کا کام ہے ۔ تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ انتخابات کسی بھی وقت ہوں ان کی پارٹی اس کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے اور سارا ملک بھی اس کیلئے تیار ہے ۔ گجرات اور ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخابات کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کا نوٹ بندی کا فیصلہ اور حالیہ جی ایس ٹی کے نفاذ سے عوام کی زندگیاں متاثر ہوکر رہ گئی ہیں۔ ان کے خیال میں شدید حکومت مخالف لہر ہے اور جی ایس ٹی اور نوٹ بندی اس عوامی برہمی کی اصل وجہ ہیں۔ مسٹر یچوری نے کہا کہ ان مسائل کی وجہ سے عوام کی زندگیاں متاثر ہوئی ہیں اور دونوں ہی ریاستوں میں یہ بہت زیادہ ہے ۔ دیکھنا یہ ہوگا کہ یہ برہمی رائے دہی میں کس حد تک بدلتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ہمیشہ متبادل پالیسیوں کی متلاشی رہی ہے متبادل قائدین کی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات اور ہماچل پردیش میں متبادل پالیسیوں کی ضرورت ہے متبادل قائدین کی نہیں۔