سی پی آئی ایم قائدین اور راہول گاندھی ایک ہی شہ نشین پر

کولکتہ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے ہفتہ کو اپنی انتخابی مہم کے دوران کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے ساتھ سی پی آئی ایم کے قائدین بھی ایک ہی شہ نشین پر موجود ہوں گے۔ سی پی آئی ایم ریاستی سکریٹری رکن شیامل چکرورتی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابی مہم کے لئے راہول گاندھی کے دورہ کے دوران مشترکہ انتخابی مہم سے متعلق کانگریس پارٹی کی دعوت کو قبول کرلیا جائے۔ اس انتخابی مہم میں بائیں بازو پارٹیوں کے امیدوار بھی حصہ لیں گے۔ 2 اپریل راہول گاندھی کے ساتھ 3 جلسہ عام سے خطاب کیا جائے گا۔ کانگریس کے سینئر قائدین کے مطابق سی پی آئی ایم قائدین اس انتخابی مہم کے دوران راہول گاندھی کے ساتھ کھڑے ہوکر عوام سے ووٹ کی اپیل کریں گے۔ سی پی آئی ایم اور کانگریس سے انتخابی معاہدہ کیا ہے اور مشترکہ طور پر انتخابی ریالیاں منظم کی جارہی ہیں۔