سی پی آئی یوتھ فیڈریشن تلنگانہ یونٹ صدر کیلئے سید ولی اللہ قادری کا انتخاب

حیدرآباد۔5مارچ(سیاست نیوز)۔ سی پی آئی پارٹی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میں منعقدہ ریاستی کانفرنس کے دوران ریاستی یونٹ صدر کے لئے سید ولی اللہ قادری کے نام کی تجویز رکھی گئی جس کو بنا ء کسی اعتراض کے قبول کرلیاگیا۔واضح رہے کہ سید ولی اللہ قادری نے سابق میںاے آئی ایس ایف کے قومی صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دئے ہیں۔ ان کے دور صدارت میں اے آئی ایس ایف نے نہ صرف جواہرلال نہرویونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین کے انتخابات میںکامیابی کے جھنڈے لہرائے بلکہ طلبہ کو درپیش مسائل‘ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میںروہت ویمولہ نامی دلت طالب علم کی خودکشی‘ اور جواہرلال نہرو یونیورسٹی سے نجیب احمد کے لاپتہ ہونے اور قومی یونیورسٹیوںمیںفرقہ پرست تنظیموں کی بڑھتی اجارہ داری کے خلاف ملک گیر احتجاج بھی منظم کیاگیاتھا۔ سابق جے این یو ایس یو صدر کنہیا کمار‘ جنرل سکریٹری شیہلا رشید‘ انربان بھٹاچاریہ‘ عمر خالد‘ جگنیش میوانی جیسے نوجوان لیڈروں نے بھی سید ولی اللہ قادری کی قیادت میں کام کیاہے۔تلنگانہ یونٹ کی ذمہ داری تفویض کئے جانے کے بعد میڈیاسے بات کرتے ہوئے سید ولی اللہ قادری نے کہاکہ تلنگانہ میںپچھلے پانچ سالوں سے نوجوانوں کے مسائل کو پوری طرح نظر انداز کیاجارہا ہے ۔ بڑھتی بے روزگاری ‘ اور نوجوانوں کے لئے محدو د وسائل کے خلاف اے آئی وائی ایف ریاستی سطح پر احتجاج کیاجائے گا۔ انہوںنے بے روزگاری بھتہ کے متعلق چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کے اعلان کو محض ایک انتخابی حربہ قراردیا ۔ انہو ںنے کہاکہ روزگار کی فراہمی کے متعلق اپنے وعدے کو پورا کرنے کے بجائے عوام دشمن بالخصوص نوجوان دشمن پالیسیوں کے ذریعہ نوجوانوں کو مزید بے روزگار ی کاشکار بنائے جانے کاکام کیاجارہا ہے۔