مرکزی و ریاستی حکومتوں کے خلاف احتجاج کی حکمت عملی ، چاڈا وینکٹ ریڈی
حیدرآباد۔30اپریل(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی ریاستی کانفرنس کا یکم اپریل سے آغاز ہوگا ۔ اس ضمن میںتلنگانہ یونٹ کے اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے پارٹی ہیڈکوارٹر میںمجوزہ کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سکریٹری سی پی آئی تلنگانہ پالا وینکٹ ریڈی او ردیگر بھی موجود تھے۔ بعدازں چاڈا وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ پچھلے چارسالوں میں مرکز کی مودی حکومت اور ریاست تلنگانہ کی کے سی آر حکومت نے عوام سے جووعدے کئے تھے اس کو فراموش کرتے ہوئے دیگر کاموں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ مسٹر چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ خانگی یونیورسٹیوں کے متعلق بل پر تلنگانہ حکومت کی خاموشی اس بات کی طرف اشارہ کررہی ہے کہ ریاستی تعلیمی نظام میںمزید ابتری کے لئے حکومت تلنگانہ نے مرکز کو ہری جھنڈی دیکھا د ی ہے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ تعلیمی نظام کو درپیش خطرات‘ بے روزگاری میںاضافہ ‘بڑھتے فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعات مذکورہ حکومتوں کی دین ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نہ صرف امن کو خطرہ ہے بلکہ جمہوری اقدار کو بھی طاق پر رکھ کر کام کیاجارہا ہے۔کانفرنس میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ریاست میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آنے والے دنوں میںمرکزی اور ریاستی حکومت کو گھیرانے کی تیاری کریگی ۔