سی پی آئی کو مختص کردہ حلقوں سے کانگریس باغیوں کی دستبرداری کا مطالبہ

ڈاکٹر کے نارائنا سی پی آئی قائد کی صدر پردیش کانگریس تلنگانہ پنالہ لکشمیا سے نمائندگی

حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : سی پی آئی کے سینئیر قائد ڈاکٹر کے نارائنا نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس اور سی پی آئی اتحاد کے درمیان جو اسمبلی حلقے سی پی آئی کو چھوڑ گئے ہیں ان حلقوں سے کانگریس کے باغی امیدواروں کو دستبردار کرانے کی اپیل کی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے اتحاد کا احترام کرتے ہوئے سی پی آئی کو مختص کردہ مکتوب سے دستبرداری اختیار کرنے کی کانگریس کے باغی امیدواروں کو مشورہ دیا ہے ۔ علاقہ تلنگانہ میں کانگریس اور سی پی آئی نے ایک دوسرے سے اتحاد کیا ہے ۔ کانگریس نے کھمم لوک سبھا کے بشمول 9 اسمبلی حلقے سی پی آئی کو چھوڑنے سے اتفاق کیا تاہم کانگریس کے باغی امیدواروں نے تین حلقوں پر اپنے پرچہ نامزدگی داخل کی ہے ۔ 12 اپریل پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ ہے ۔ سی پی آئی کے سینئیر قائد کھمم لوک سبھا کے امیدوار ڈاکٹر کے نارائنا نے آج صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا سے ملاقات کی ۔ بات چیت میں جن حلقے کانگریس نے سی پی آئی کو چھوڑنے سے اتفاق کیا تھا ان حلقوں میں کانگریس کے تین امیدواروں کی جانب سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے اور انہیں کانگریس پارٹی کی جانب سے بی فارم حوالے کرنے پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ اتحاد کے نام پر دھوکہ دینا غیر مناسب ہے ۔ اتحاد اور دوستی کو برقرار رکھنے کے لیے باغی امیدواروں کو فوری دستبردار کرائے ۔ پنالہ لکشمیا نے ڈاکٹر نارائنا کو تیقن دیا کہ وہ باغی امیدواروں کو دستبردار کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے اسمبلی حلقہ مہیشورم کے امیدوار مسٹر مال ریڈی رنگاریڈی کے بشمول دوسرے باغی امیدواروں کو پارٹی کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے فوری دستبرداری اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چند حلقوں پر کانگریس نے مشروط طور پر پارٹی امیدواروں کو بی فارم جاری کیا تھا ۔ کانگریس ہائی کمان نے سی پی آئی کو مختص کردہ حلقوں سے پارٹی امیدواروں کو دستبردار ہونے کا مشورہ دیا ۔ اتحاد سے چند حلقوں میں کانگریس کے دعویدار ٹکٹ سے محروم ہوئے ہیں ۔ ان میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ جس کا پارٹی کو اعتراف ہے ۔ تاہم اتحاد کا احترام کرتے ہوئے باغی امیدوار دستبردار ہوجائے پارٹی ان کی حذمات سے ضرور استفادہ کرے گی ۔ سی پی آئی کے قائد ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ اتحاد کے پیش نظر چند قائدین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے باغی امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کی ہے ۔ وہ باغی امیدواروں سے اپیل کرتے ہیں کہ فوری دستبرداری اختیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کی دعویداری حق بجانب ہے تاہم کامیابی کے بعد کانگریس کی ہی حکومت تشکیل پائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس بھی اتحاد کرتی تو بہتر تھا ۔ خود سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی پریشان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس سی پی آئی اتحاد کو چند حلقوں پر ٹی آر ایس سے چند حلقوں پر تلگو دیشم سے مقابلہ ہے ۔۔