صدر ترنمول کانگریس و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کی تقریر
باگھ منڈی( مغربی بنگال) ۔27مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کی چیف منسٹر و صدر ترنمول کانگریس ممتا بنرجی نے آج سی پی آئی ( ایم) اور کانگریس کے ریاست میںاتحاد کو ’’غیرمقدس‘‘ قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اس اتحاد کو شکست دی جائے کیونکہ اس کے پاس کوئی ’’نظریہ‘‘ نہیں ہے ۔انہوں نے اپنے حریفوں ‘ بائیں بازو ‘ کانگریس اور بی جے پی کو چیلنج کیا کہ سیاسی سطح پر ان کامقابلہ کریں ۔ ان کی پارٹی کو گالیاں نہ دیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے ضلع میں ترقیاتی کام کا آغاز کیا ہے تاکہ عوام کی زندگیوں کو بہتر بنایا جاسکے ۔ ممتابنرجی نے دعویٰ کیا کہ ہم نے اس علاقہ میں امن بحال کیا ہے جہاں بائیں بازو کے انتہا پسند شعبہ نے قبل ازیں گڑبڑکی تھی ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق بائیں محاذ حکومت نے عوام پورے جنگل محل علاقہ میں (ضلع مغربی مرناپور کا قبائلی علاقہ ‘ بانکورہ اور کرولیااضلاع ) جہاں بڑے پیمانے پر روزآنہ ہلاکتوں اور خونریزی کے واقعات ہوتے تھے آج وہ دن گذر چکے ہیں اور پورے علاقہ میں امن بحال ہوچکا ہے ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ 2011ء سے قبل عوام ٹرینوں میں سفر کرتے ہوئے خوفزدہ رہا کرتے تھے وہ جنگل محل کے علاقہ سے رات کے وقت گذرنے پر بھی خوفزدہ رہتے تھے لیکن اب ملک گیر سطح سے فلم ساز جنگل محل آرہے ہیں تاکہ شوٹنگ کرسکیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگل محل زبردست ترقیاتی جدوجہد ‘ انفراسٹرکچر اور سماجی شعبہ میں کرچکا ہے ۔ عوام کو ان پر بھروسہ ہے اور ایسا اس لئے ممکن ہوا کیونکہ وہ عوام کے ساتھ تعاون اور مفاہمت کا رویہ رکھتی ہے جس کے نتیجہ میںاس علاقہ میں امن کی بحالی ممکن ہوسکی ہے ۔