حیدرآباد ۔ 24 جنوری (سیاست نیوز) صدر امریکہ مسٹر بارک اوباما کے دورہ ہندوستان کے خلاف بطور احتجاج سی پی آئی ایم گریٹر حیدرآباد سنٹرل کمیٹی کے زیراہتمام آج ’’اوباما گو بیاک‘‘ احتجاجی ریالی منظم کی گئی جس کی قیادت سنٹرل کمیٹی ممبر سی پی آئی (ایم) مسٹر وی سرینواس راؤ نے کی۔ منظم کردہ ریالی جو مشیرآباد کراس روڈ سے نکل کر شہر کے مختلف اہم راستوں سے ہوتے ہوئے گولکنڈہ کراس روڈ پہنچ کر جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی۔ اس موقع پر سنٹرل کمیٹی ممبر سی پی آئی ایم مسٹر وی سرینواس راؤ نے جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے صدر امریکہ بارک اوباما کے دورہ ہندوستان کی شدید مخالفت کی۔ اس موقع پر سٹی سکریٹری سی پی آئی ایم مسٹر ایم سرینواس نے بھی مخاطب کرتے ہوئے اوباما کے دورہ ہند کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ریالی میں سکریٹری سی پی آئی ایم مشیرآباد زون مسٹر دشرت، سی پی آئی ایم قائدین مسرز پاشاہ، ذاکر، ارونا جیوتی، پی بھاسکر کے علاوہ دیگر سی پی آئی ایم قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔