حیدرآباد۔ 19 اپریل (سیاست نیوز) سی پی آئی ایم میں گروہ بندیاں پیدا ہوگئی ہیں۔ نظریاتی اختلافات میں اضافہ کے ساتھ ہی پارٹی کے اندر خفیہ رائے دہی کیلئے غیرمعمولی مطالبہ کیا جارہا ہے۔ پارٹی کی جاریہ کانگریس کے دوران آسام اور مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے مندوبین نے احتجاج کرتے ہوئے خفیہ رائے دہی کا مطالبہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سی پی آئی ایم کے جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری کے حامیوں اور پارٹی کے سابق جنرل سیکریٹری پرکاش کرت کے حامیوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ مغربی بنگال، کرناٹک، پنجاب، ہریانہ، مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والے قائدین نے سیتا رام یچوری کی حمایت کی جبکہ کیرالا، آندھرا پردیش، تریپورہ، مدھیہ پردیش، راجستھان اور ہماچل پردیش سے تعلق رکھنے والے بعض مندوبین نے سابق جنرل سیکریٹری پرکاش کرت کی تائید میں اپنی رائے ظاہر کی۔