نئی دہلی ۔ 10 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سنٹرل ویجلنس کمیشن ( سی وی سی ) کیا خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ؟ سپریم کورٹ نے آج کولگیٹ مقدمہ کی سماعت کے دوران یہ ریمارک کیا۔ عدالت کو جب یہ بتایا گیا کہ سی وی سی کا رول محدود ہے اور وہ مخصوص ہدایات نہیں دے سکتی یا سی بی آئی تحقیقات کے علاوہ دیگر کسی تحقیقات میں مداخلت نہیں کرسکتی جس پر عدالت نے یہ جاننا چاہا کہ پھر سی وی سی کا اصل مقصد کیا ہے ؟ جسٹس آر ایم لودھا ، جسٹس ایم بی لوکر اور جسٹس کورین جوزف پر مشتمل بنچ نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ رپورٹس حاصل کرنے اور تحقیقات کی پیشرفت پر رپورٹس کے علاوہ سی وی سی کے اختیار میں کچھ نہیں ہے ۔ حالانکہ قانون کی مختلف دفعات کے تحت اُسے کئی اختیارات دیئے گئے ہیں۔