چینائی۔/2مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلور۔ گوہاٹی ایکسپریس میں ہوئے دوہرے بم دھماکے کی تحقیقات کرنے والی تملناڈو کی خصوصی تحقیقاتی ونگ کو یہ شبہ ہے کہ دھماکو اشیاء یا بم ٹرین میں اُسوقت رکھے گئے ہوں گے جب وہ بنگلور میں تھی۔ تحقیقاتی ایجنسی کے ذرائع نے یہ بات بتائی، جس کی ایک ٹیم فوری طور پر بنگلور روانہ ہوئی ہے۔ دریں اثناء ایک عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اب تک اکٹھا کی گئی اطلاعات کے مطابق بم ایک ٹائمر آلہ سے منسلک تھا جو اپنے مقررہ وقت پر ہی پھٹنے والا تھا۔ سی بی سی آئی ڈی کے عہدیدار پڑوسی ریاستوں کے پولیس عہدیداروں سے بھی مسلسل ربط میں ہیں اور چینائی سنٹرل ریلوے اسٹیشن کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی بغور مشاہدہ کررہے ہیں جہاں دھماکے رونما ہوئے۔ عہدیدار نے کہا کہ فی الحال ہم سی سی ٹی وی فوٹیج کا مشاہدہ کررہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا ملزمین نے خود بھی اسی ٹرین میں سفر کیا تھا یا نہیں؟ 30اپریل کو مذکورہ ٹرین بنگلور سے دوپہر 11:35 بجے روانہ ہوئی تھی اور کل صبح 7:10 بجے یہاں پہنچی تھی،
جو دراصل ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچی تھی جبکہ نظام الاوقات کے مطابق ٹرین کو صبح 6:10 بجے پہنچ جانا چاہیئے تھا لیکن ٹرین کی آمد کے صرف دس منٹ بعد دو کم شدت کے دھماکے رونما ہوئے جس میں ایک نوجوان خاتون ہلاک اور دیگر 14افراد زخمی ہوگئے۔ دوسری طرف این ایس جی کی ایک چھ رکنی ٹیم لیفٹننٹ کرنل بالکرشنا کی قیادت میں گذشتہ شب یہاں پہنچی تاکہ ریاستی پولیس کے ساتھ تحقیقات میں تعاون کیا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ این ایس جی پولیس نے ریاست کے اعلیٰ سطحی پولیس عہدیداروں کے ساتھ دھماکے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا ۔ دوسری طرف ہاسپٹل ذرائع نے بتایا کہ جن 14زخمیوں کو یہاں شریک کیا گیا ہے ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ راجیو گاندھی گورنمنٹ ہاسپٹل کے ذرائع کے مطابق14کے منجملہ دو افراد شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں لیکن کسی کی بھی حالت تشویشناک نہیں ہے۔
چینائی میں بم کی جھوٹی کالس سے پولیس پریشان
چینائی۔/2مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) سنٹرل ریلوے اسٹیشن پر دوہرے بم دھماکوںکے صرف ایک روز بعد سٹی پولیس کی راتوں کی نیند اور دن کا چین حرام ہوگیا۔ کیونکہ دن بھر بم کی جھوٹی کالس کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے پولیس کو دن بھر کمربستہ رہنا پڑا ۔ حالانکہ پولیس نے پہلے ہی انتباہ دے رکھا ہے کہ بم کی اطلاع جھوٹی ثابت ہونے پر شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پولیس کے انتباہ کا شرپسندوں پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ شہر کے ایک معروف شاپنگ مال ، ایک تعلیمی ادارے اور ایک مضافاتی ریلوے اسٹیشن کو بم کی جھوٹی اطلاع دی گئی۔ لازمی بات ہے کہ جب بم کی اطلاع ملے گی تو مندرجہ بالا مقامات کے نگرانکار فوری طور پر پولیس سے رجوع ہوں گے۔ اس طرح سیکوریٹی عہدیدار اور
پولیس اہلکاروں کو دن بھر کئی مقامات کی تلاشی اور جانچ پڑتال کرنی پڑتی۔ سٹی پولیس کمشنر جے کے ترپاٹھی نے بتایا کہ بعد ازاں تمام کالس جھوٹی ثابت ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس ان لوگوں کی تلاش میں ہے جن لوگوں نے شرپسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جھوٹی کالس کیں۔یاد رہے کہ بنگلور۔ گوہاٹی ایکسپریس کی دو کوچس میں ہوئے دوہرے دھماکے میں آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان سافٹ ویر ماہر خاتون سواتی ہلاک اور دیگر 14افراد زخمی ہوگئے تھے۔