نئی دہلی ۔28مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای )نے دسویں اور بارہویں کے دوپرچے لیک ہونے کے واقعہ کے مد نظر ان پرچوں کے امتحانات دوبارہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سی بی ایس ای کے کنٹرولر آف ایگزامنیشن کی طرف سے آج یہاں جاری نوٹس کے مطابق بارہویں جماعت کامعاشیات اور دسویں جماعت کاریاضی کا پیپر لیک ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے انھیں دوبارہ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ان امتحانات کیلئے نئی تاریخوں اور اس سے متعلق دیگرتفصیلات ایک ہفتہ کے اندر سی بی ایس ای کی ویب سائٹ پر جاری کردی جائیں گی۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بارہویں کے اکاؤنٹس اور بزنس اسٹڈیز کے امتحانات کے پیپر افشاء ہونے کی بھی خبریں میڈیا میں آئی تھیں لیکن سی بی ایس ای نے اسکی تردید کی تھی ۔دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسودیا نے اکاؤنٹس امتحان کا پیپر لیک ہونے کی اطلاع خود ٹویٹ کرکے دی تھی اور اسکی جانچ کرانے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔سی بی ایس ای نے اپنے بیان میں کہا کہ امتحانات کے انعقاد کے دوران بعض واقعات کا بورڈ نے نوٹس لیا ہے اور بورڈ امتحانات کی اہمیت برقرار رکھنے اقدامات کئے جارہے ہیں جو طلباء و طالبات کے مفاد میں بھی ہوں گے اور انہیں متاثر نہیں کریں گے۔