نئی دہلی 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کے نوتقرر شدہ سربراہ رشی کمار شکلا نے آج ایک ایسے وقت اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ لے لیا جب یہ ادارہ کولکتہ پولیس کے ساتھ ایک پراگندہ لڑائی میں اُلجھا ہوا ہے۔ یہ مسئلہ اب مرکز اور حکومت مغربی بنگال کے درمیان سیاسی الزام تراشیوں اور ایک دوسرے پر کیچڑ اُچھالنے کا موجب بن گیا ہے۔ بالعموم کسی نئے سربراہ کو جائزہ لینے کے لئے ایک ہفتہ کا وقت ملتا ہے لیکن شکلا نے جنھیں ہفتہ کو مقرر کیا گیا تھا، اس تصادم کے پس منظر میں اندرون دو دن ہی جائزہ لے لیا۔ 58 سالہ شکلا مدھیہ پردیش کیڈر کے 1983 آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے مکمل اختیارات کے ساتھ ڈائرکٹر تقرر کے بعد سی بی آئی میں کسی حد تک نظم و ضبط کی بحالی متوقع ہے۔