سی بی آئی ڈائرکٹر کو رخصت پر روانہ کرنے مرکز کیخلاف سپریم کورٹ میں کھرگے کی درخواست

نئی دہلی 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کے ڈائرکٹر اشوک ورما کو رخصت پر روانہ کرنے مرکز کے فیصلے کے خلاف کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے آج سپریم کورٹ سے رجوع ہوگئے اور کہاکہ یہ فیصلہ غیر قانونی اور سی بی آئی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ کھرگے نے جو لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر بھی ہیں، کہاکہ قانون کے مطابق صرف چیف جسٹس آف انڈیا، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر پر مشتمل تین رکنی کمیٹی ہی سی بی آئی کے کسی ڈائرکٹر کے تقرر یا برطرفی کا فیصلہ کرسکتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سنٹرل ویجلنس کمشنر (سی وی سی) کو سی بی آئی ڈائرکٹر کے خلاف کارروائی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ کھرگے نے اس ضمن میں سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کی توثیق کرتے ہوئے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ’الوک ورما کو رخصت پر بھیجنے وزیراعظم مودی کی طرف سے کی گئی ازخود کارروائی سی بی آئی قانون کے مغائر اور غیر قانونی ہے‘۔