سی بی آئی ڈائرکٹر ناگیشور راؤ کے تقرر کا کیس

سپریم کورٹ جج کا سماعت سے علحدہ ہونے کا فیصلہ
نئی دہلی ۔ 31جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ کے جج جسٹس این وی رمنا نے سی بی آئی کے عبوری ڈائرکٹر کی حیثیت سے ایم ناگیشور کا تقرر کرنے مرکز کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کردہ درخواست کی سماعت سے خود کو علحدہ کرلیا ہے ۔جسٹس رمنا سپریم کورٹ کے تیسرے جج بن گئے ہیں جنہوں نے اس معاملہ کی سماعت سے خود کو دور رکھا ہے ۔جیسا کہ چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی اور دوسرے سب سے سینئر ترین جج جسٹس اے کے سکری نے بھی قبل ازیں اسی طرح کے کیس سے خود کو دور رکھا تھا ۔ این جی او برائے مشترکہ کاز میں سپریم کورٹ سے رجوع ہوکر سی بی آئی کے عبوری ڈائرکٹر کی حیثیت سے ناگیشور کے تقرر کیلئے مرکز کے فیصلہ کو چیلنج کیا ہے ۔ اس معاملہ کی سماعت سے خود کو دور رکھتے ہوئے جسٹس رمنا نے کہا کہ ناگیشور کا تعلق ان کی آبائی ریاست ہے اور انہو ںنے راؤ کی دختر کی شادی کی تقریب میں شرکت کی تھی ۔ لہذا جسٹس رمنا نے اس معاملہ کو مناسب بنچ سے رجوع کرنے کی درخواست کی ہے ۔ این جی او نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ مرکز کا یہ اقدام وضاحت چاہتا ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسی کے نئے سربراہ کا تقرر سیلکشن کمیٹی کے اختیار میں ہونا چاہیئے ۔ درخواست کے مطابق 23اکٹوبر کے تقرراتی احکام میں ناگیشور راؤ کو سی بی آئی کے عبوری ڈائرکٹر کی حیثیت سے مقرر کیا گیا ہے لیکن 8جنوری کو سپریم کورٹ نے اسے کالعدم قرار دیا تھا ۔ حکومت نے یہ فیصلہ عجلت میں اور غیرقانونی طریقہ سے کیا تھا ۔