نئی دہلی 9 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج سی بی آئی سربراہ رنجیت سنہا کو ایک نوٹس جاری کی ہے ۔ یہ نوٹس ان درخواستوں پر جاری کی گئی ہے جن میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انہیں عہدہ سے بیدخل کرنے کے احکام جاری کئے جائیں کیونکہ انہوں نے اپنی قیامگاہ پر 2G اور کوئلہ اسکامس کے ملزمین سے ملاقاتیں کی تھیں اور انہیں مبینہ طور پر بچانے کی کوشش کی تھی ۔ عدالت نے مسٹر سنہا کے نام جاری کردہ نوٹس پر ان سے جواب طلب کیا ہے کہ تحقیقات کے عمل میں مفادات کے ٹکراؤ کو دیکھتے ہوئے ان کے خلاف ایس آئی ٹی کی تحقیقات کیوں شروع نہیں کی جانی چاہئے ۔ عدالت نے سی بی آئی ڈائرکٹر سے کہا ہے کہ وہ اندرون 10 یوم اپنا جواب داخل کریں ۔ عدالت نے آئندہ سماعت 19 ستمبر کو مقرر کی ہے ۔رنجیت سنہا کے خلاف سماجی کارکن و وکیل مسٹر پرشانت بھوشن نے درخواست دائر کی ہے ۔