سی اے جی اور سی وی سی جیسے اداروں کا استحکام ضروری :سشما سوراج

نئی دہلی 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )ویجلنس اور تحقیقات محکموں پر الزام تراشی کے حکومت کے رویہ پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی قائد سشما سوراج نے کہا کہ حالانکہ ان کا جوش و جذبہ کئی بار برسر اقتدار طبقہ کے لئے مناسب نہیںہوتا لیکن سی اے جی اور سی وی سی جیسے اداروں کا صحت مند جمہوریت کیلئے استحکام ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان محکموں کے خلاف تنقیدی تبصرے سنے جاتے رہے ہیں۔ حالانکہ ان اداروں کو دستور نے نگرانی کا اختیار دیا ہے۔ حال ہی میں سی اے جی اور سی وی سی کے ترقی کی راہ کی رکاوٹ ہونے کا بیان منظر عام پر آیا تھا۔ اس مرحلہ پر یہ صحت مند انداز فکر نہیں ہے بلکہ جمہوریت کیلئے نقصاندہ ہے ۔ پورا دستوری چوکھٹا نگرانی ،توازن اور روک تھام پر مبنی ہے۔اسی طریقہ سے دستور کو مستحکم کیا جاسکتا ہے ۔

وہ سی وی سی کی جشن زریں تقریب سے خطاب کررہی تھی۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا نے کہا کہ اس لئے ان اداروں کا استحکام ضروری ہے جنہیں جمہوری حکومت کے مختلف شعبوں پر نگرانی رکھنے کے اختیارات دستور ہند میں تفویض کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2003 کے سی وی سی قانون کی منظوری کے بعد سی وی سی کو اپنے اختیارات کا احساس ہوا اور اس نے تازہ جوش و جذبہ کے ساتھ کام کرنا شروع کیا۔