حیدرآباد۔/14فبروری، ( سیاست نیوز) حکومت نے سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مائناریٹیز ( سی ای ڈی ایم ) کے تحت 3مختلف پراجکٹس پر عمل آوری کیلئے 3کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔اس سلسلہ میں اسپیشل سکریٹری سید عمر جلیل نے جی او آر ٹی 50جاری کیا۔ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حکومت سے خواہش کی تھی کہ تین پراجکٹس پر عمل آوری کیلئے فنڈز جاری کئے جائیں۔ اقلیتی اسکولی طلبہ کے کلاس روم پرفارمنس کو بہتر بنانے سے متعلق پراجکٹ پر عمل آوری کیلئے ایک کروڑ20 لاکھ، مسابقتی امتحانات میں اقلیتی امیدواروں کی شراکت اور مظاہرہ کو بہتر بنانے کی اسکیم پر ایک کروڑ 20لاکھ اور چمک اسکیم کے تحت روزگار پر مبنی مسابقتی امتحانات کیلئے کوچنگ کی فراہمی کے سلسلہ میں60لاکھ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے ان تین پراجکٹس کے سلسلہ میں خرچ سے متعلق تفصیلات حکومت کو پیش کی تھی۔ جی او میں ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان تینوں اسکیمات پر عمل آوری، نتائج اور خرچ کے بارے میں سہ ماہی بنیاد پر حکومت کو رپورٹ پیش کرے۔ رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی ان اسکیمات پر بہتر عمل آوری کو یقینی بنائیں گے۔اسکولی طلبہ کے پرفارمنس کو بہتر بنانے سے متعلق پراجکٹ کیلئے کوآرڈینیٹرس، پارٹ ٹائم اٹینڈرس کے اعزازیئے، اسٹیشنری اور دیگر ضروری سامان کی خریدی پر29لاکھ 10ہزار روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ ڈائرکٹر، ریسورس پرسنس کے اعزازیئے پر ایک لاکھ 52ہزار، پراجکٹ آفیسر اور دیگر متعلقہ اسٹاف کی تنخواہوں پر 18لاکھ 99 ہزار 888 روپئے خرچ کئے جائیں گے۔جی او میں تینوں اسکیمات کیلئے خرچ کی تمام تفصیلات درج کی گئی ہیں۔