!سی ای او وقف بورڈ کے پاس عوام سے ملاقات کیلئے وقت نہیں

عوام اپنے مسائل لیکر وقف بورڈ کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں
حیدرآباد 24 اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ چیف ایگزیکٹیو آفیسر آئی پی ایس شاہنواز قاسم ان دنوں اتنے زیادہ مصروف ہوچکے ہیں کہ ان کے پاس عوام سے ملاقات کرنے کا بھی وقت نہیں جبکہ سینکڑوں درخواست گذار یہ سوچ کر دفتر پہونچتے ہیں کہ ان کے مسائل کی یکسوئی ہوسکے لیکن یہ غلط ثابت ہورہا ہے۔ عوام وقف بورڈ کے دفتر کے چکر لگاتے ہوئے تھک چکے ہیں اور اب وہ وقف بورڈ کے دفتر جائیں یا نہ جائیں یہ فیصلہ نہیں کرپارہے ہیں۔ وقف بورڈ سے رجوع ہونے والے افراد کا کہنا ہے کہ وقف بورڈ کیلئے ایک پولیس عہدیدار کو سی ای او مقرر کرنے پر یہ اُمید پیدا ہوئی تھی کہ وہ عام سیاستدانوں اور عہدیداروں سے ہٹ کر عوام کی شکایات کے حل کرنے کو ترجیح دیں گے لیکن افسوس شکایات کا حل نکلنا تو دور ان کی سماعت سے بھی شاہنواز قاسم گریز کررہے ہیں۔ ان کے بارے میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ چند مخصوص پیروکاروں کے گھیرے میں رہتے ہیں اور ان تک عام لوگوں کی رسائی ناممکن ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہنواز قاسم سی ای او وقف بورڈ کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد تقریباً شکایات کے ازالہ کیلئے ایسی اوقافی جائیدادوں کے معائنے سے قاصر رہے ہیں جن پر ناجائز قبضے کئے جاچکے ہیں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ صرف ان مقامات کا دورہ کررہے ہیں جس کی جانب ایک مخصوص ٹولہ انھیں توجہ دلاتا ہے۔ یہ مسٹر شاہنواز قاسم کی خوش نصیبی ہے کہ اللہ نے انھیں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کی ذمہ داری عطا کی ہے۔ ایسے میں ان کی غفلت اور لاپرواہی ملت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ کاش انھیں اپنے فرائض منصبی کی پوری دیانت داری سے ادائیگی کا احساس ہوتا، یہ احساس ان کے لئے اور ملت دونوں کیلئے بہتر ہوتا۔