سی آر پی ایف کی توہین کرنے والے سزا کے مستحق

نئی دہلی 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہلوک سی آر پی ایف فوجیوں کی وردیاں رائے پور ہاسپٹل کے قریب کچرے میں دستیاب ہونے پر برہم مرکزی حکومت نے چھتیس گڑھ حکومت سے خواہش کی ہے کہ اِس معاملہ کی تحقیقات کی جائے اور اِس میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے کیونکہ وہ سی آر پی ایف فوجیوں کی ’’توہین‘‘ کرنے میں ملوث ہیں۔ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ وہ چیف منسٹر چھتیس گڑھ سے خواہش کرچکے ہیں کہ اِس معاملہ کے ذمہ داروں کو تلاش کیا جائے اور مہلوک سی آر پی ایف فوجیوں کی وردی کی توہین کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ راجناتھ سنگھ نے چیف منسٹر رمن سنگھ سے اِس بارے میں بات چیت کی جبکہ اُنھیں اطلاع ملی کہ مہلوک فوجیوں کی وردیاں مبینہ طور پر کچرے میں پھینک دی گئی ہیں۔ اُن کی وردیاں مبینہ طور پر خون آلود تھیں۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران راجناتھ سنگھ نے چیف منسٹر سے بات کرنے کا انکشاف کیا۔