یروشلم 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی آئی اے کے سربراہ جان برینن نے گزشتہ ہفتہ اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا تاکہ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین طے پانے والے نیوکلیر معاملت پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ اسرائیلی اخبار نے یہ اطلاع دی۔ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین ایران کے نیوکلیر پروگرام کے سلسلہ میں کسی معاہدہ پر پہونچنے کے لئے 30 جون تک مہلت ہے۔ ایران نے اِس اُمید کا اظہار کیا تھا کہ مقررہ مدت کے دوران یہ معاہدہ طے پاسکتا ہے۔اسرائیل اِس معاہدہ کا مخالف ہے۔ اِس مسئلہ پر اسرائیل اور امریکہ کے مابین اختلافات پائے جاتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ سی آئی اے سربراہ نے اسرائیلی خفیہ تنظیم موساد کے سربراہ تمیر پاڈو کے علاوہ دوسرے انٹلی جنس عہدیداروں اور وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو سے ملاقات کی۔ اخبار نے سینئر عہدیداروں کے حوالہ سے یہ بات بتائی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدہ کے تناظر میں تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔