واشنگٹن 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک امریکی اخبار کے مطابق شام میں موجود دولت اسلامیہ عراق وشام داعش کے رہنمائوں کو نشانہ بنانے کے لئے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اور سپیشل فورسز ایک خفیہ ڈرون حملوں کی مہم چلا رہے ہیں۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی فوج کے داعش کے خلاف جاری دوسرے آپریشنز سے علیحدہ اس خفیہ آپریشن کے دوران ڈرون طیاروں کے ذریعے سے شدت پسند رہنمائوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔یہ حملے داعش کے خلاف قائم جوائنٹ اسپیشل آپریشنس کمانڈ کی قیادت میں ہورہے ہیں جبکہ سی آئی اے ان حملوں کے لئے داعش کے رہنمائوں کی شناخت اور تلاش کا کام کرتی ہے۔امریکی عہدیداران کے مطابق اس آپریشن کے تحت ابھی تک صرف چند حملے ہی کئے گئے ہیں جن میں داعش کے اعلیٰ عہدیداران کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اس خفیہ آپریشن کی وجہ سے ہلاک ہونے والے داعشی رہنمائوں میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والا ہائکر جنید حسین بھی شامل تھا جس پر الزام تھا کہ وہ مغرب میں حملوں کے لئے داعش کے حامیوں کو اکٹھا کررہا تھا۔ڈرون حملوں کو واشنگٹن میں سیاسی طور پر متنازعہ سمجھا جاتا ہے اور صدر بارک اوباما چاہتے ہیں کہ سی آئی اے دوبارہ جاسوسی کی اپنی بنیادی سرگرمی کی طرف واپس آجائے اور فوجی کارروائیوں میں براہ راست حصہ نہ لے۔ اوباما کے مطابق فوجی کارروائیوں کی سربراہی کا کردار پنٹگان کو دینا چاہئے۔