مذاکرات کا ایک موقع دیا جانا چاہیئے ، مجھے اپنی رائے کی مخالفت کرنے والوں کی پرواہ نہیں
کولکتہ۔28فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن کی وکالت کرنے پر تنقیدوں کا سامنا کرنے والی سی آر پی ایف جوان کی بیوہ نے کہا کہ انہیں پاکستان کے ساتھ امن کی خواہش کرنے پر کی جانے والی تنقیدوں کی پرواہ نہیں ہے ۔ سوشیل میڈیا پر مجھے نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ میں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن کی وکالت کی ہے ۔ جمعرات کے دن انہوں نے کہا کہ میرے شوہر پلوامہ دہشت گرد حملہ میں شہید ہوئے ، اس کے باوجو د میری رائے ہے کہ پاکستان کو بات چیت کا ایک موقع دیا جانا چاہیئے ۔ پلوامہ حملہ میں ہلاک سی آر پی ایف جوان ببلو منترا کی اہلیہ متیا منترا نے مرکز پر زور دیا کہ وہ ہندوستانی فضائیہ کے پائیلٹ ابھینندن کی محفوظ رہائی کو یقینی بنائے جن کو پاکستان نے گرفتار کرلیا ہے ۔ متیا نے کہا کہ انہیں ان کے مخالف جنگ موقف پر سوشل میڈیا پر کی جانے والی تنقیدوں کی پرواہ نہیں ہے ، ہم کو چاہیئے کہ ہم جنگ کی بجائے بات چیت کا ایک موقع دینا چاہیئے ۔ جنگ مسئلہ کا حل نہیں ہے بلکہ جنگ سے کئی زندگیاں تباہ ہوتی ہیں ۔ میں اپنی حکومت پر زور دیتی ہوں کہ وہ پاکستان سے ونگ کمانڈر ابھینندن کو واپس لائے 14 فبروری کوپلوامہ میں دہشت گرد حملے کے بعد 40سی آر پی ایف جوان ہلاک ہوئے تھے ، ان میں متیا کے شوہر بھی شامل ہیں ۔ اپنے شوہر کی موت پر متیا نے مخالف جنگ تاثرات ظاہر کئے تھے اور کہا تھا کہ خودکش حملے کے باوجود انتقام لینے کے بجائے اس کی بات چیت کرنی چاہیئے ،
جنگ کو ٹالا جائے کیونکہ جنگ سے صرف انسانی جانوں کا ہی نقصان ہے ۔ سرحد کی دونوں جانب رہنے والے افراد اس جنگ سے متاثر ہوں گے اور خواتین بیوہ ہوجائیں گے ، مائیں اپنے بچوں سے محروم ہوں گی اور بچے یتیم ہوجائیں گے ۔ ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا کے ذریعہ تنقید کرنے والوں نے شوہر سے میری محبت کا سوال اٹھایا ہے ۔ 14فبروری کے بعد یہ الفاظ میرے لئے بے معنی ہوگئے ہیں کوئی بھی کچھ بھی کہہ سکتاہے، میں اس پر خائف نہیں ہوں ۔ تاہم انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ اگر ان پر تنقید کرنے والوں کے خاندان میں کوئی مسلح افواج میں خدمت انجام دے رہا ہے تو اس کا یہ سوال افسوسناک ہے ۔ اپنے گھروں میں بیٹھ کر کچھ لوگ بہت کچھ کہتے ہیں ، کیا ان کے ارکان خاندان میں سے کوئی فوج میں ہے ۔