سی آئی ڈی سیریل سے متاثر ہوکر بہن کو بھائی نے قتل کردیا

لاہور ۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں ایک گیارہ سالہ لڑکا جو ہندوستانی ٹی وی سیریئل سی آئی ڈی سے بیحد متاثر تھا، کو پولیس نے اس کی چھوٹی بہن کو قتل کرنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ چھوٹی بہن نے اپنے بھائی کی تحریر خوش خط نہ ہونے پر اس کا مذاق اڑایا تھا۔ 9 سالہ ایمن تنویر اپنی دادی کے مکان موقوعہ شالیمار، لاہور میں مردہ پائی گئی جہاں اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا تھا۔ دریں اثناء شالیمار پولیس نے بتایا کہ عبدالرحمن کو اس کی بہن کا مبینہ طور پر قتل کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ قبل ازیں پولیس نے مقتول لڑکی کی سوتیلی ماں صبا کو پوچھ گچھ کیلئے اپنی تحویل میں لیا تھا بعدازاںا نہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔ سیول لائنز ڈیویژن سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) انویسٹی گیشن ونگ حسنین حیدر نے بتایا کہ کمسن لڑکی کو اس کے بھائی نے جذبہ حسد کے تحت قتل کردیا۔ دونوں اپنی دادی کے مکان پر عیدالفطر منانے کیلئے آئے تھے۔ لڑکے نے بتایا کہ وہ ہندوستانی ٹی وی سیریئل سی آئی ڈی بہت شوق سے دیکھتا ہے اور اسی سیریئل کو دیکھتے ہوئے اس نے قتل کرنے کا گر سیکھا۔ اس معاملہ کی مزید تحقیقات جاری ہے۔