2 پولیس عہدیدار ہلاک ، فائرنگ میں حاملہ بیوی زخمی
ممبئی ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جذبہ انتقام کے واقعہ میں ایک CISF جوان نے جسے مہاراشٹرا کے ضلع رتناگیری میں برقی پلانٹ کی حفاظت پر متعین کیا گیا تھا ۔ اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنے 2 ساتھیوں کو ہلاک کردیا ۔ اس فائرنگ میں وہ خود بھی اور اس کی حاملہ بیوی بھی زخمی ہوگئے ۔ ایڈیشنل ایس پی ضلع رتناگیری مسٹر توشار پٹیل نے یہ اطلاع دی ۔ بتایا کہ کانسٹبل ہریش کمار گونڈ ( 36 سال ) کو مہاراشٹرا کے ساحلی ضلع میں واقع رتناگیری گیس اینڈ پاور پرائیوٹ لمٹیڈ کمپنی میں متعین کیا گیا تھا کل شب اپنے دو ساتھیوں پر اچانک فائرنگ کردی ۔ مدھیہ پردیش کے متوطن گونڈ کا کچھ دنوں قبل اپنے ساتھیوں سے جھگڑا ہوگیا ۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد گونڈ نے سی آئی ایس ایف ہیڈ کانسٹبل بلوان باجے سنگھ کو خاموش رہنے کی دھمکی دی تھی جو کہ اس وقت ڈیوٹی پر متعین تھا ۔ مہلوکین کی شناخت اے ایس آئی بالو گنپتی شنڈے 58 سال متوطن ملن گاؤں ، تعلقہ کاوتھے ضلع سانگلی اور پی رنیش 28 سال متوطن کیرالا شناخت کرلی گی ۔ گونڈ کی 30 سالہ بیوی پرینکا کماری کو سی آئی ایس ایف عملہ نے اپنے شوہر کو سمجھانے کے لیے جائے وقوع پر لایا تو اپنی بیوی سے بحث و تکرار کرلیا کچھ دیر بعد اپنی بیوی اور خود پر فائرنگ کرلی ۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ گونڈ اور اس کی بیوی کو ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ جب کہ پرینکا 7 ماہ کی حاملہ ہے ۔ گونڈ کے انتہائی اقدام کے پس پردہ محرکات کے بارے میں دریافت کرنے پر مسٹر پاٹل نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اپنے عہدیداروں کی ہراسانی کی وجہ سے وہ بدظن تھا جس کے باعث یہ واقعہ پیش آیا ہوگا ۔۔