سیکولر طاقتوں پر حملہ بزدلانہ حرکت

ہندوتوا ’ دہشت گردی ‘ پر روک لگانے کا مطالبہ : ولی اللہ قادری
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ملک کی سیکولر شناخت کو بچانے کے لیے جاری کوششیں اب ہندوتوا طاقتوں کو کھٹکنے لگی ہیں ۔ وہ انہیں رکاوٹ تصور کرتے ہوئے بائیں بازو پر حملہ کرنے لگی ہیں ۔ لیکن ہندوتوا طاقتوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ انہیں ناکامی کے سوائے کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار قومی سکریٹری آل انڈیا اسٹوڈنٹ فیڈریشن ( اے آئی ایس ایف ) جناب سید ولی اللہ قادری نے کیا ۔ انہوں نے اندور مدھیہ پردیش میں اے بی وی پی اور آر ایس ایس کارکنوں کے حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔ اندور میں انڈین پیپلز تھیٹرس اسوسی ایشن کی قومی کانفرنس جاری تھی جس میں زبردستی داخل ہو کر زعفرانی تنظیموں کے کارکنوں نے حملہ کیا ۔ اس حملہ میں ملک کے نامور شعراء مجاہدین آزادی ، ادیبوں اور فنکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اور اس تنظیم کا 14 واں قومی اجلاس تھا جو 10 سال میں ایک مرتبہ منعقد کیا جاتا ہے ۔ جناب ولی اللہ قادری نے اس حملہ کو بزدلانہ حرکت قرار دیا ۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو ان حملوں کا ذمہ دار ٹھہرایا اورکہا کہ اعلیٰ قائدین کی حوصلہ افزائی کے سبب یہ حملہ ہوا ہے انہوں نے مجاہدین آزادی پر حملہ کو جمہوریت پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ یہ دائیں بازو کارکنوں کی کھلی دہشت گردی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس اجلاس میں متفقہ طور پر یہ قرار داد منظور کی گئی کہ ہندوستان اور پاکستان جنگ نہ کریں ۔ مسٹر ولی اللہ قادری نے ملک کے ایسے حالات میں سیکولر طاقتوں کے ایک پلیٹ فام پر جمع ہونے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ 1940 میں قائم شدہ تنظیم انڈین ویلفیر تھیٹرس اسوسی ایشن کے اجلاس میں حملہ کا حکومت کو سخت نوٹ لینا چاہئے اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔۔