حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : ایلڈرس تھنک ٹینک کے زیر اہتمام دانشوروں و اراکین کا مشاورتی اجلاس بعنوان ’ مجوزہ انتخابات میں اقلیتوں کا لائحہ عمل ‘ حیدرآباد میں منعقد ہوا ۔ پروفیسر گوتم پینگل سابق پروفیسر ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج ( فرزند جسٹس جگن موہن ریڈی سابق چیف جسٹس و سابق وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی ) نے صدارت کی ۔ جناب آصف پاشاہ صدر آنکھ کے آپریشن کے سبب شریک نہ ہوسکے ۔ جناب شفیق الزماں سابق اسپیشل چیف سکریٹری نے کلیدی خطاب میں کہا کہ مجوزہ پارلیمانی انتخابات 2014 اب تک کے ہونے والے انتخابات میں نہایت اہمیت کے حامل ہیں کیوں کہ اس مرتبہ ہندوتوا طاقتوں کا راست مقابلہ سیکولر جماعتوں سے ہوگا ۔ اس لیے 2014 کے انتخابات میں فرقہ پرست پارٹیوں کو چھوڑ کر دیگر سیاسی جماعتوں کے باکردار ، تعلیم یافتہ امیدوار کو منتخب کرنے کی کوشش ہونی چاہئے ۔ موصوف نے میٹنگ کے انعقاد کو بروقت قرار دیا اور اس سلسلہ کو جاری رکھنے کی خواہش کی ۔ پروفیسر گوتم پینگل صدر اجلاس نے کہا کہ سیکولر اقدار کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ مستحکم حکومت کے قیام کے لیے باکردار تعلیم یافتہ غیر متعصب امیدواروں کا انتخاب ضروری ہے ۔ پروفیسر رمیش ریڈی سابق پرنسپل انجینئرنگ کالج و سابق ڈین عثمانیہ یونیورسٹی نے عام آدمی پارٹی کی تفصیلات سے حاضرین کو واقف کرایا ۔
محترمہ کرسٹن لازرس سابق رکن اسمبلی نے کہا کہ دلت مسلم کرسچن سکھ اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ شعور کی بیداری کے لیے دانشوروں ، جہد کاروں اور مذہبی رہنماؤں حرکت میں آنا چاہئے ۔ اس طرح کی میٹنگوں کو اہمیت کا حامل قرار دیا اور آرگنائزرس کو مبارکباد دی ۔ پروفیسر فاطمہ شہناز نے کہا خاتون رائے دہندے عموما خوف یا تساہل کے سبب رائے دہی میں حصہ نہیں لیتے ۔
خاتون رائے دہندوں کی ذمہ داری ہے کہ سرگرم عمل ہوجائیں اور خواتین کا شعور بیدار کریں ۔ پروفیسر کیشو راؤ جادھو معزز رکن تلنگانہ ایلڈرس فورم نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کے برسر اقتدار آنے سے ملک کا سیکولر تانا بانا متاثر ہوگا ۔ ہمارا ملک دنیا کا عظیم جمہوری ملک ہے جس کے خمیر میں روا داری پیار و محبت شامل ہے ۔ میجر غوث قادری ، جسٹس ای اسماعیل سابق رکن ہیومن رائٹس کمیشن ، ڈاکٹر ایس کے معین الدین ، نواب علی الدین قادری ابوالعلائی جوائنٹ سکریٹری سادات ویلفیر سوسائٹی ، جابر پٹیل کانگریس لیڈر و رکن تھنک ٹینک اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ بھاسکر بینی ایڈوکیٹ جوائنٹ سکریٹری تھنک ٹینک نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔۔