حاجی پور 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ رام ولاس پاسوان نے سیکولرازم کا نعرہ لگانے والی اور ووٹ بینک سیاست کی وجہ سے ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان بڑھتے ہوئے اختلافات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہاکہ ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان اختلافات میں اضافہ ہوگیا ہے اور اِس کی وجہ ووٹ بینک کی سیاست ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے عوام خاص طور پر نوجوان نسل کو اعتماد فراہم کیا ہے۔ وہ بہار میں بی جے پی کے ساتھ نشستوں کی تقسیم کا معاہدہ کرچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سیاست پر سے خاص طور پر 26 تا 30 سال عمر کے نوجوانوں کا اعتماد اُٹھتا جارہا تھا۔ اُنھیں اب اُمید کی ایک کرن نظر آئی۔ اُن کا احساس ہے کہ اُن (مودی) کو وزیراعظم بننے کا ایک موقع دیا جانا چاہئے۔ ایل جے پی کے سربراہ نے جو بہار کے انتخابی حلقہ حاجی پور سے مقابلہ کررہے ہیں جہاں اقلیتوں کی قابل لحاظ آبادی ہے، کہاکہ اُن کا مقابلہ موجودہ رکن پارلیمنٹ رام سندر داس سے ہے جو جنتادل (یونائیٹیڈ) کے امیدوار ہیں۔ پاسوان کے فرزند چراغ نے کہاکہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور نائب صدر کانگریس راہول گاندھی بہار کے عوام کے لئے ’’کوئی عنصر‘‘ نہیں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمیں کامیابی کا یقین ہے۔ نریندر مودی کی لہر چل رہی ہے۔ نتیش اور راہول کی انتخابات میں کوئی اہمیت باقی نہیں ہے۔رام ولاس پاسوان نے قبل ازیں این ڈی اے سے ترک تعلق کرلیا تھا، یہ کہتے ہوئے کہ اُس کی قیادت بی جے پی کرتی ہے جو فرقہ پرست پارٹی ہے، لیکن گزشتہ انتخابات میں ایل جے پی کی شرمناک شکست کے بعد اُنھوں نے بی جے پی سے نشستوں کی تقسیم کا معاہدہ کرلیا ہے۔