سیکوریٹی عملہ نے مجھے ڈھکیل دیا، کرن تماشہ دیکھتے رہے

میں دھکم پیل میں زخمی ہوگئی، گیتاریڈی واقعہ بیان کرتے ہوئے اشک بار ہوگئیں
نئی دہلی ۔ 5 فبروری (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کی وزیرصنعت شریمتی گیتاریڈی آج یہاں اپنے ساتھ یپش آئے اس واقعہ کو بیان کرتے ہوئے اشکبار ہوگئیں جب چیف منسٹر کرن کمار ریڈی سے ملاقات کیلئے آندھرا بھون پہنچنے پر سیکوریٹی عملہ نے انہیں عملاً ڈھکیل دیا، جس کے نتیجہ میں وہ نیچے گر پڑی تھیں۔ شریمتی گیتاریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیف منسٹر سے ملاقات کیلئے آندھرا بھون پہنچی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم ان (چیف منسٹر) سے درخواست کرنا چاہتے تھے کہ جنترمنتر پر احتجاج نہ کریں جہاں پہلے سے تلنگانہ کے خلاف مظاہرہ جاری تھا

لیکن وہاں موجود سیکوریٹی عملہ نے میرے ساتھ نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ مجھے ڈھکیل دیا اور یہ سب کچھ چیف منسٹر کی موجودگی میں ہوا‘‘۔ ڈاکٹر گیتاریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر اس وقت خاموش تماشائی بنے بیٹھے تھے ان (کرن) سے ملاقات کیلئے پہنچنے والے وفد کو سیکوریٹی عملہ کے ارکان زبردستی ڈھکیل رہے تھے۔ شریمتی گیتاریڈی یہ کہتے ہوئے اشکبار ہوگئی کہ ’’مجھے ڈھکیل دیا گیا اور اس دھکم پیل میں میں زخمی ہوگئی لیکن چیف منسٹر بس میں بیٹھے یہ سب دیکھ رہے تھے اور روکنے کیلئے کوئی مداخلت نہیں کی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے ظاہر ہوگیا ہیکہ سیما آندھرا کے لوگ خواتین کے ساتھ کس طرح کا سلوک کرتے ہیں۔