سیکوریٹی صورتحال پر راج بھون میں اجلاس ، گورنر کا غور

حیدرآباد /5 ستمبر ( پریس نوٹ ) ملک کے مختلف مقامات پر گڑبڑ پھیلانے چند بیرونی تنظیموں کی دھمکیوں کے تناظر میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے راج بھون میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں امن و سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ اجلاس میں گورنر کے مشیران ، تلنگانہ اور آندھراپردیش کے سربراہان پولیس ، دیگر اعلی ذمہ داران پولیس انٹلی جنس عہدیداروں کے علاوہ حیدرآباد اور سائبرآباد کے پولیس کمشنرس نے بھی شرکت کی ۔ جوائنٹ ڈائرکٹر آئی بی حکومت ہند بھی اس اجلاس میں موجود تھے ۔ سیکوریٹی سے متعلق مختلف امور ومسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر کو مطلع کیا گیا کہ دونوں ریاستیں صورتحال سے بخوبی باخبر ہیں اور ہر سطح پر سخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے ۔ خطرات کے مطابق حساس مقامات پر سیکوریٹی میں مزید اضافہ کیا جائے گا ۔ آندھراپردیش، تلنگانہ اور انٹلیجنس بیورو کے مابین معلومات کا تبادلہ جاری ہے ۔ گورنر نرسمہن نے دونوں ریاستوں میں اختیار کردہ ہمہ گیر و ہمہ وقت چوکسی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔