نئی دہلی۔/27جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی چین کے سمندر میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے چین کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے امریکی صدر بارک اوباما نے آج کہا کہ ایشیا بحرالکاہل میں جہاز رانی کی آزادی حاصل ہونا چاہیئے اور اس علاقہ میں ہندوستان کے عظیم رول کا خیرمقدم کیا ہے۔ نئی دہلی کے ٹاون ہال میں طلباء ، اسکالرس اور دیگر ممتاز شخصیتوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشیاء بحرالکاہل میں ہندوستان کے عظیم رول کا امریکہ خیرمقدم کرتا ہے جہاں پر ہر ایک کو جہاز رانی کی آزادی برقرار رہنی چاہیئے اور باہمی تنازعہ کو پرامن طریقہ سے حل کرلینا ہوگا۔ مسٹر اوباما نے کہا کہ اگر دونوں ممالک حقیقت میں عالمی شراکت دار بننا چاہتے ہیں تو عالمی سطح پر مل جل کر کام کریں تاکہ عالمی امن اور سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے اور 20ویں صدی میں قائم کردہ ہمہ مقصدی اداروں کو 21ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سیکوریٹی کونسل میں اصلاحات کی وہ پرزور تائید کرتے ہیں تاکہ ہندوستان کو مستقل رکن کی حیثیت سے شامل کیا جاسکے۔