سیکورٹی فورسیس کی فائرنگ ، سوڈان میں 35ہلاک

خرطوم ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں سکیورٹی فورسز نے حزب اختلاف کے احتجاجی کیمپ کو منتشر کرنے کے لیے دھاوا بول دیا ہے اور فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں35 سے زیادہ افراد ہلاک اور متعددزخمی ہوگئے ہیں۔ اپریل میں سابق سوڈانی صدر عمر حسن البشیر کی معزولی کے بعد سے شہر میں تشدد کا یہ بدترین واقعہ ہے۔اس کی فوٹیج کی سوشل میڈیا پر تشہیر کی جارہی ہے۔عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ سوڈانی فورسز نے خرطوم میں وزارت دفاع کے باہر احتجاجی مظاہرین کے کیمپ پر دھاوا بولا تھا اور انھیں منتشر کرنے کے لیے اندھا دھند ہوائی فائرنگ شروع کردی۔اس کے بعد وہاں افراتفری کا عالم تھا اور مظاہرے کے شرکاء جانیں بچانے کے لیے خرطوم کی سڑکوں پر ادھر ادھر بھاگتے دیکھے گئے۔ان کے بہ قول سکیورٹی فورسز نے وزارت دفاع کے باہر احتجاج دھرنا تو ختم کرا دیا ہے لیکن مظاہرین اس کے بعد شہر کے دوسرے علاقوں میں پھیل گئے اور انھوں نے رکاوٹیں کھڑی کرکے اور ٹائر جلا کر سڑکیں بند کردی ہیں۔حزب اختلاف سے وابستہ ڈاکٹروں کے ایک گروپ نے بتایا ہے کہ پیرکے روز تشدد کے اس واقعے میں تیس افراد ’’ شہید‘‘ ہوگئے ہیں لیکن ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے کیونکہ ابھی تمام مہلوکین کو شمار نہیں کیا جاسکا ہے۔اسی گروپ نے قبل ازیں فائرنگ سے 116 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔