سیکورٹی فورسز کا مظاہرین کیخلاف آنسو گیس کا استعمال

سرینگر ، 25 جون ( سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے میسومہ میں آج سیکورٹی فورسز نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ علاقہ میں صورتحال اُس وقت کشیدہ ہوگئی جب ایک نوجوان کی رہائی کے بعد دوبارہ متنازعہ قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری اور اس کی جموں کے کٹھوعہ جیل منتقلی کی خبر پھیل گئی۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور بڈشاہ چوک و تاریخی لال چوک کی طرف پیش قدمی کرنے کی کوشش کرنے لگے ۔ تاہم وہاں پہلے سے تعینات سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں نے احتجاجی نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لاٹھی چارج کا استعمال کیا جو بے اثر ثابت ہوا۔