این جی اوزکو بَلی کا بکرا نہ بننے کا مشورہ ، سابق ایم پی پونم پربھاکر
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر پونم پربھاکر نے سیکشن 8 پر سیاسی کھیل کھیلنے کا دونوں چیف منسٹرس پر الزام عائد کرتے ہوئے بَلی کا بکرا نہ بننے کا ٹی این جی اوز کو مشورہ دیا ۔ نوٹ برائے ووٹ پر ردعمل کا اظہار کرنے کا فلم اسٹار پون کلیان سے مطالبہ کیا ۔ آج اسمبلی کے احاطے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پونم پربھاکر نے کہا کہ این جی اوز کا سماج میں عزت و احترام کا مقام ہے ۔ ٹی این جی اوز نے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ تاہم اس کو ٹی آر ایس کی محاذی تنظیم میں تبدیل نہ کرنے کا ٹی این جی اوز قائدین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی اور ایم ایل سی کے لیے مقابلہ کرنے والے امیدوار کو ٹی این جی اوز کا اعزازی صدر بناتے ہوئے اس کی غیر جانبداری پر شکوک پیدا کردئیے گئے ہیں ۔ اگر یہی حال رہا تو کانگریس این جی اوز ، بی جے پی این جی اوز اور تلگو دیشم این جی اوز قائم ہوجائیں گے ۔ اور ٹی این جی اوز کا مقام و مرتبہ خطرے میں پڑجائے گا ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ تحریک کے دوران پہلی دستخط سے تلنگانہ ایمپلائز کے مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ ٹی آر ایس حکومت کے ایک سال مکمل ہوگئے ہیں لیکن آج تک ایمپلائز کی تقسیم کا عمل پورا نہیں ہوا ۔ کمل ناتھن کمیٹی نے ابھی اپنی رپورٹ پیش نہیں کی ، سرویس رول کا مسئلہ زیر التواء پڑا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سرکاری ملازمین کے مسائل کی جلد از جلد یکسوئی کے حق میں ہے ۔ ایمپلائز ٹی آر ایس کے دباؤ میں نہ رہیں بلکہ اپنے جائز مطالبات کی یکسوئی کے لیے جدوجہد کریں کانگریس پارٹی ان کے ساتھ ہے ۔ مسٹر پونم پربھاکر نے آندھرا اور تلنگانہ میں تلگو دیشم ، بی جے پی اتحاد کی تائید کرنے والے تلگو فلم اسٹار پون کلیان سے نوٹ برائے ووٹ معاملے پر اپنی خاموشی توڑنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تلگو دیشم اور بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر اپنا ردعمل کا اظہار کریں یا دونوں جماعتوں سے انتخابات میں تائید کرنے کی کتنی فیس وصول کی اس سے عوام کو واقف کرائیں ۔۔