سیکشن 8 پر عمل سے مزید مسائل میں اضافہ : جی کشن ریڈی

حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون : ( این ایس ایس) : تنظیم جدید آندھرا پردیش قانون کے تحت سیکشن 8 پر عمل آوری کی صورت میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں کے درمیان اختلافات اور تناؤ پیدا ہونے کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ اس بات کا اظہار رکن اسمبلی و صدر تلنگانہ بی جے پی مسٹر جی کشن ریڈی نے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ ان کی پارٹی کا نوٹ برائے ووٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ مسٹر جی کشن ریڈی یہاں پارٹی آفس پر کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے تلگو دیشم اور ٹی آر ایس پارٹیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے مختلف حربوں کو استعمال کررہے ہیں ۔۔