سیکریٹری ڈی جے ایس سیف اللہ خالد کی رہائی

حیدرآباد ۔ /23 فبروری (سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے میٹروپولیٹین مجسٹریٹ نے آج درسگاہ جہاد و شہادت کے سکریٹری ایڈوکیٹ شیخ سیف اللہ خالد کی ضمانت منظور کی اور ان کی آج رات رہائی عمل میں آئی ۔ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے /19 فبروری کو انہیں گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دیا تھا۔ نامپلی میٹرو پولیٹین کریمنل کورٹ کے وکلاء نے ان کے حق میں عدالت میں کامیاب پیروی کی ۔ درسگاہ جہاد و شہادت کے کئی ارکان بشمول صدر ایم اے ماجد نے ان کا استقبال کیا ۔ جیل سے رہائی کے فوری بعد خالد نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے انہیں بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمہ میں ماخوذ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مغل پورہ پولیس نے 2009 ء میں درج کئے گئے مقدمہ میں بھی انہیں گرفتار کیا ہے اور انہیں گزشتہ 8 سال سے مفرور بتایا گیا ، جبکہ وہ عدالت میں اپنی پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پولیس منصوبہ بند طریقہ سے مسلم نوجوانوں کو نشانہ بناتی آئی ہے اور انہیں بھی نشانہ بنایا گیا ۔ انہوں نے ایڈوکیٹ راج ریڈی ، ایڈوکیٹ ایم اے عظیم ، ایڈوکیٹ غلام ربانی اور میٹرو پولیٹین بار اسوسی ایشن کے تمام وکلاء کا شکریہ ادا کیا۔