سیکریٹریٹ میں پروفیسر جئے شنکر یوم پیدائش تقریب

حیدرآباد۔6 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ سیکریٹریٹ میں آنجہانی پروفیسر جئے شنکر کی یوم پیدائش تقریب کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا گیا اور سب سے پہلے پروفیسر جئے شنکر کے پورٹریٹ پر چیف سیکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما نے پھول مالائیں پیش کرکے خراج عقیدت پیش کیا اور پھر سیکریٹریٹ ملازمین یونین قائدین نے بھی پورٹریٹ پر پھول مالائیں پیش کرکے اپنے آنجہانی قائد پروفیسر جئے شنکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما نے اخباری نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی قائد پروفیسر جئے شنکر کی یوم پیدائش تقاریب کا انعقاد عمل میں لانے کو وہ اپنی خوش قسمتی تصور کررہے ہیں اور انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حصول علیحدہ ریاست تلنگانہ کیلئے پروفیسر جئے شنکر نے گراں قدر خدمات اور رول انجام دیا تھا اور ان کی خدمات کو ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر جئے شنکر نے خاموش طریقہ کار اپناتے ہوئے مسٹر چندر شیکھر راؤ کے شانہ بشانہ قدم بڑھاتے رہے اور آخری دم تک تلنگانہ کیلئے جدوجہد جاری رکھی۔