حیدرآباد 7 جنوری (سیاست نیوز) سکریٹریٹ سیما آندھرا ملازمین فورم نے اسمبلی میں تلنگانہ بِل پر جامع مباحث اور سیما آندھرا ارکان سے بِل کے خلاف ووٹ دینے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ متحدہ آندھرا کی تائید کرنے والے تمام قائدین و جماعتوں کو متحد کرکے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سکریٹریٹ میں لنچ وقفہ کے دوران مسٹر مرلی کرشنا کنوینر ملازمین فورم کی زیرقیادت ریاست کو متحد رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرہ بازی کررہے تھے اور ہاتھوں میں آندھراپردیش کے تحفظ کے مطالبہ پر مشتمل پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے
اور ایل بلاک کے روبرو بیٹھ کر احتجاجی مظاہرے کئے۔ اس مسٹر مرلی کرشنا نے کہاکہ سیما آندھرا کے تمام ارکان اسمبلی کو چاہئے کہ وہ بلا تخصیص پارٹی متحدہ ریاست کی برقراری کیلئے جدوجہد کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسمبلی میں تلنگانہ بِل پر تفصیلی و جامع مباحث کی توقع کی جارہی ہے اور مباحث کے دوران بِل میں خامیوں و کوتاہیوں سے ہر کسی کو واقف کرنے کی ضرورت ہے اور اس موقع پر متحدہ ریاست کی ضرورت سے بھی ایوان کو واقف کروانے کی ارکان اسمبلی سیما آندھرا سے پرزور اپیل کی۔ اُنھوں نے بِل میں شامل موضوعات پر ووٹنگ کے موقع پر تمام سیما آندھرا ارکان اسمبلی سے مخالفت میں ووٹ دینے کا مطالبہ کیا۔ مسٹر مرلی کرشنا نے ریاست کو متحدہ آندھراپردیش برقرار رکھنے کیلئے تمام ارکان اسمبلی سے بھرپور کوشش کرنے کی اپیل کی۔