سیکریٹریٹ منتقلی کے خلاف سی پی ایم کا احتجاج

حیدرآباد۔یکم۔جون (سیاست نیوز) ریاستی سیکریٹریٹ کی منتقلی کی اطلاعات کے خلاف آج سی پی ایم کی جانب سے پریڈ گراؤنڈ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ حکومت کے منصوبہ عوام بالخصوص کھیل کود کی سرگرمیوں کیلئے نقصاندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیکریٹریٹ کسی کیلئے تکلیف کاباعث نہیں ہے لیکن حکومت واستو کی دہائی دے کر سیکریٹریٹ کی منتقلی کی کوشش کر رہی ہے لیکن ایسا ہونے نہیں دیا جائے گا۔ مسٹر ایم سرینواس سیکریٹری سی پی ایم(جی ایچ ایم سی ) نے کہا کہ حکومت اپنی من مانی کرتے ہوئے ایسا کوئی اقدام نہیں کرسکتی جس میں عوامی رضامندی نہ ہو۔ انہوں نے مقامی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے احتجاج کو سی پی آئی کی مکمل حمایت کا تیقن دیا اور کہا کہ سیکریٹریٹ کیلئے اگر مرکزی حکومت کی جانب سے پریڈ گراؤنڈ کی اراضی حوالے بھی کی جاتی ہے تو احتجاج جاری رہے گا کیونکہ حکومت کا یہ فیصلہ عوامی مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت موجودہ سکریٹریٹ کی عمارت اور اراضی کے متعلق کیا منصوبہ رکھتی ہے یہ نہیں بتا رہی ہے بلکہ یہ کہا جا رہا ہے کہ واستو درست نہ ہونے کے سبب سکریٹریٹ کی منتقلی ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں موجود کھلے مقامات کو باقی رکھنے پریڈ گراؤنڈ کے کھلاڑیوں اور مقامی عوام کے احتجاج کو وہ اور ان کی پارٹی مکمل تائید فراہم کرکے سکریٹریٹ کی منتقلی کو رکوانے میں اپنا تعاون کرے گی۔مسٹر ایم سرینواس نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سکریٹریٹ کی منتقلی اور پریڈ گراؤنڈ میں تعمیر کے متعلق گمراہ کن پروپگنڈہ چلایا جار ہا ہے تاکہ عوام کو غفلت میں رکھتے ہوئے پریڈ گراؤنڈ کی 60ایکڑ اراضی حاصل کرلی جائے۔