نواز شریف کی چین کے وزیراعظم لی کیقیانگ سے ملاقات
اسلام آباد۔ 23 مئی (پی ٹی آئی) پاکستان کے نامزد وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں برقی بحران سے نمٹنے کے لئے چین سے سیول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کی خواہش کی۔ آج انہوں نے وزیراعظم چین لی کیقیانگ سے ایک ہوٹل میں ملاقات کی اور اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین باہمی روابط کو مستحکم بنانے کے لئے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ ان کی تمام تر توجہ سیول نیوکلیر ٹیکنالوجی، تجارت اور بیرونی سرمایہ کاری پر مرکوز تھی۔ جیو نیوز چیانل نے ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ پی ایم ایل (این) سربراہ نے کہا کہ چین نے ماضی میں بھی پاکستانی نیوکلیر پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کی ہے اور وہ مزید تعاون کرسکتا ہے جس سے ملک میں توانائی کے بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم چین لی کیقیانگ دو روزہ سرکاری دورہ پر یہاں آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے عام انتخابات میں کامیابی پر نواز شریف کو مبارکباد دی اور پاکستان کی نئی حکومت کے لئے نیک توقعات کا اظہار کیا۔ نواز شریف نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک متحدہ طور پر کام کریں گے جن سے دونوں ممالک کے عوام کو باہمی فائدہ پہونچے گا۔اس دوران لی کیقیانگ نے نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی۔ نواز شریف نے کہا کہ حلف برداری کے بعد وہ چینی قیادت کی دعوت پر جلد دورہ کریں گے۔ ملاقات کے دوران سابق چیف منسٹر پنجاب شہباز شریف اور دیگر بھی موجود تھے۔
پاکستان میں بم دھماکہ ،12 ہلاک ، 20 زخمی
اسلام آباد۔ 23 مئی (پی ٹی آئی) پاکستان کے جنوب مغربی کوئٹہ شہر میں آج ایک بم دھماکہ ہوا اور سکیورٹی عملہ کو لے جارہی بس اس کا نشانہ تھی۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ دھماکے میں 12 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ یہ بم ایک آٹو رکشا میں نصب کیا گیا تھا اور جیسے ہی بس بھوسہ منڈی علاقہ سے گذر رہی تھی کہ اچانک دھماکہ ہوا اور بلوچستان کانسٹبلری عملہ کو لے جارہی بس اس کی زد میں آگئی۔ دھماکے کی وجہ سے 10 سکیورٹی ارکان اور دو عام شہری ہلاک ہوگئے۔