سیول نیوکلیر معاہدے کی شروعات ہم نے کی ، کانگریس کا محتاط ردعمل

نئی دہلی ۔ /25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے ہند امریکہ سیول نیوکلیر معاہدے پر ہوئی پیشرفت کے تعلق سے محتاط ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کی تفصیلات کا پہلے جائزہ لینا ضروری ہوگا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے امریکہ کی تشویش کے معاملے میں ہندوستان کے قانونی دائرے کار میں رہتے ہوئے رضامندی ظاہر کی یا نہیں ۔ پارٹی نے کہا کہ اس معاہدے کا سہرہ کانگریس کے سر جاتا ہے کیونکہ اسی نے شروعات کی تھی اور اس وقت بی جے پی نے شدت سے مخالفت کی تھی ۔ کانگریس ترجمان آنند شرما نے کہا کہ اس وقت جو کچھ ہورہا ہے وہ ایک جاری عمل ہے ۔ دونوں ممالک کے مابین باہمی پارٹنر شپ پائی جاتی ہے اور ہمیں پہلے اس معاہدہ کی تفصیلات کا جائزہ لینا ہوگا ۔ آنند شرما کے ساتھی سلمان خورشید نے کہا کہ یہ ایک اہم پیشرفت ہے ۔ ہم اس بارے میں کوئی شکایت نہیں کرسکتے کیونکہ اس کی ابتداء ہم نے ہی کی تھی ۔