سیول نافرمانی تحریک شروع کرنے عمران خان کا اعلان

اسلام آباد ۔ /17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے اپوزیشن لیڈر عمران خان نے آج نواز شریف حکومت کے خلاف ’’سیول نافرمانی تحریک‘‘ شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ تاجر کے اقتدار میں ملک کا مستقبل انتہائی تاریک ہے ۔ دوسری طرف علامہ طاہر القادری نے وزیراعظم کو مستعفی ہونے کیلئے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا ہے ۔ عمران خان نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیول نافرمانی تحریک کا انہوں نے اپنے لئے نہیں بلکہ عوام کیلئے اعلان کیا ہے ۔ ہم ٹیکسیس ، برقی یا گیاس کے بلز ادا نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ریالی وزیراعظم کے گھر تک پہونچی تو پولیس سے جھڑپ ہوگی اور پولیس انہیں ہلاک کردے گی وہ ایسا بالکل نہیں چاہتے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ حکومت کو ٹیکس اور دیگر بلز کی ادائیگی روک دیں ۔ عمران خان نے آج کہا کہ وہ اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے خلاف فائنل میچ کھیلنے کیلئے تیار ہیں ۔ نواز شریف انتخابی میچ فکسنگ میں ملوث ہیں۔ کینیڈا کے عالم دین طاہر القادری کی جانب سے نواز شریف کے استعفیٰ کیلئے دیئے گئے 48گھنٹوں کے الٹی میٹم کے بعد عمران خان نے یہ دھمکی دی ہے ۔ عمران خان جنہوں نے 1992ء میں ورلڈ کپ کامیابی میں پاکستان کی قیادت کی تھی ‘پی ایم ایل نواز شریف زیرقیادت حکومت کو انتباہ دیا ہے کہ اگر نواز شریف نے استعفیٰ نہیں دیا تو اُن کے حامی نہایت ہی سخت ترین سیکیورٹی والے زیڈ زون میں داخل ہوجائیں گے ۔

نواز شریف گذشتہ سال اقتدار پر فائز ہوئے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ یہ فائنل میچ آج کھیلا جائے گا جو پاکستان کی تاریخ میں فیصلہ کن دن ہوگا ۔ نواز شریف اور ان کے ریٹرننگ آفسیرس اور کیرٹیکرس نے ملکر 2013ء میں انتخابی میچ فکسنگ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی ۔ان کی کامیابی کو ہم قبول نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے نواز شریف نے اپنے خاندان کے کاروبار کو فروغ دیا ہے ‘ قوم کو مفلوج کرکے پاکستان کو لوٹا گیا ہے ۔ ہم پاکستان کو لوٹنے والا کا ہرگز ساتھ نہیں دیں گے ۔