سیول سپلائیز کی آج سے نئی منفرد اسکیم کا آغاز

ریاست کی کسی بھی راشن شاپ سے کارڈ ہولڈرس چاول حاصل کرسکتے ہیں:سی وی آنند
حیدرآباد۔/31مارچ، ( سیاست نیوز) محکمہ سیول سپلائیز نے یکم اپریل سے ریاست میں نئی اسکیم کو متعارف کیا ہے جس کے تحت تلنگانہ کی کسی بھی راشن شاپ سے چاول حاصل کیا جاسکتا ہے۔ کمشنر سیول سپلائیز سی وی آنند نے کہا کہ ملک بھر میں یہ اپنی نوعیت کی منفرد اور انقلابی اسکیم ہے۔ کارڈ ہولڈر کو اب متعلقہ راشن شاپ سے رجوع ہونے کی ضرورت نہیں رہیگی اور وہ ریاست میں کسی بھی راشن شاپ سے چاول حاصل کرسکتے ہیں۔ اس اسکیم سے 85 لاکھ کارڈ ہولڈرس کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک علاقہ سے دوسرے مقام کو منتقل ہونے والے افراد کو راشن پورٹیبلٹی کا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ راشن ڈیلرس کے کمیشن میں اضافہ کی تجویز زیر غور ہے۔ سی وی آنند نے بتایا کہ گزشتہ سال جون میں گریٹر حیدرآباد حدود میں واقع 1550 راشن شاپس میں یہ سہولت فراہم کی گئی تھی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ راشن شاپس کیلئے ای پاس سسٹم متعارف کیا گیا ہے اور صرف 200 راشن شاپس کو اس سسٹم سے مربوط کیا جانا باقی ہے۔ فبروری اور مارچ میں ہر ضلع میں پورٹیبلیٹی سسٹم متعارف کیا گیا اور 5 لاکھ سے زائد افراد اس سہولت سے استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقل مقام کرنے والے مزدوروں کو اس سہولت سے کافی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حقیقی گاؤں میں راشن حاصل کرنے سے محرومی کے سبب پریشان ہونے والے افراد کو یہ اسکیم کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ سی وی آنند نے کہا کہ اپنے ضلع میں راشن حاصل کرنے کے بجائے جس ضلع کو بھی نقل مقام کریں گے وہاں چاول حاصل کیا جاسکے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس سلسلہ میں کارڈ تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ راشن کارڈ پر موجود ایڈریس بھی تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ راشن شاپ ڈیلرس کے درمیان مسابقت میں اضافہ ہوچکا ہے۔ عوام کے ساتھ ڈیلرس کے رویہ میں تبدیلی آئی ہے اور وہ کارڈ ہولڈرس کے ساتھ خوشگوار انداز میں نمٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلرس نے اپنی خدمات کے اوقات میں اضافہ کردیاہے۔ صبح 5 بجے بھی بعض ڈیلرس اپنی شاپس پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی دکان کے لائسنس کی منسوخی سے عوام کو کوئی دشواری نہیں ہوگی اور وہ قریب کی کسی اور دکان سے چاول حاصل کرسکتے ہیں۔ سی وی آنند نے کہا کہ پورٹیبلٹی متعارف کرنے والی تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیلرس کے پاس 10فیصد زائد اسٹاک محفوظ کیا جارہا ہے۔ جاریہ ماہ 20 فیصد زائد چاول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک ختم ہونے کی صورت میں ای پاس مشین پر اسٹاک کی درخواست پیش کی جاسکتی ہے۔ سی وی آنند نے کہا کہ عوام کو اب راشن کارڈ اپنے ساتھ لے جانے کی ضرورت نہیں ہے اور اگر وہ ایک مرتبہ فنگر پرنٹ دے دیں تو وہ بغیر راشن کارڈ کے بھی چاول حاصل کرپائیں گے۔