سیول سرویس کے خواہش مند امیدواروں کو سخت محنت کرنے کا مشورہ

نلگنڈہ کے آئی ایف ایس ٹاپر ایم نوین ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ /17 اپریل (این ایس ایس) فارسٹ کالج اینڈ ریسرچ سنٹر ، ملگ کی جانب سے سال 2018 ء میں آل انڈیا آئی ایف ایس امتحان میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے ، نلگنڈہ کے متوطن ایم نوین ریڈی کے ساتھ ایک انٹرویکٹیو سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں انہوں نے بی ایس سی فارسٹری کے طلبہ کے ساتھ یو پی ایس سی امتحانات کے بارے میں بات کی اور انہیں ان امتحانات میں شرکت اوراس کے لئے اچھی تیاری کرنے کی ترغیب دی ۔ نوین ریڈی نے ان طلبہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ان کے تجربات بتائے اور سیول سروسیس کی تیاری سے متعلق طلبہ کے شکوک و شبہات کو دور کئے ۔ طلبہ نے ان سے ان کے تجربات کے بارے میں سوال کئے اور اس طرح ان میں سیول سرویسیس کیلئے ترغیب پیدا ہوئی ۔ نوین ریڈی اب آئی اے ایس امتحان میں شرکت کررہے ہیں ۔ انہوں نے ان امتحانات کی تیاری کے سلسلہ میں جن کتابوں سے استفادہ کرنا چاہئیے اس سے متعلق طلبہ کی رہنمائی کی اور کہا کہ سخت محنت اور پوری جستجو سے پڑھائی کی جائے تو اس کے بہتر نتائج برآمد ہوتے ہیں ۔ حالانکہ انہوں نے دسویں جماعت تک تلگو میڈیم سے تعلیم حاصل کی ۔ پھر بھی نوین ریڈی نے آئی ایف ایس امتحان میں آل انڈیا فرسٹ رینک حاصل کیا جس میں انگلش کے نشانات بھی میرٹ کے لئے شمار کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ انہوں نے کس طرح انگلش سیکھنے میں محنت کی اور اس میں بہتری پیدا کی ۔ اس سیشن کے بعد نوین ریڈی نے 30 طلبہ کی ون ٹو ون انٹریکشن میں رہنمائی کی ۔ اس موقع پر انہیں ڈین، فارسٹ کالج اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر جی چندرشیکھر ریڈی ، آئی ایف ایس ، ایڈیشنل پی سی سی ایف / پی ایف ، حیدرآباد سرکل نے تہنیت پیش کی ۔