کرپشن کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کرنے کا مشورہ ۔ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد 4 ستمبر ( آئی این این ) نائب صدر جمہوریہ مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سیول سرویس عہدیداروں کو ہمدرد ‘ موثر ‘ غیر جانبدار اور دیانتدار ہونا چاہئے اور یہی اعلی ترین سیول سرویس کے بنیادی اصول ہیں۔ نائب صدر جمہوریہ ڈاکٹر مری چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں اے آئی ایس اور سی سی ایس عہدیداروں کے 92 ویں فاونڈیشن کورس کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی ‘ ڈائرکٹر جنرل انسٹی ٹیوٹ بی پی اچاریہ اور دوسرے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وینکیا نائیڈو و نے کہا کہ آل انڈیا سیول سروسیس کے قیام کا سہرا ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار پٹیل کو جاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیول سرویس عہدیدار ایک بڑی طاقت ہیں اور وہ ہندوستان کو پیش آنے والی مشکلات کو دور کرسکتے ہیں۔ ہمیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر موقع کا ہر ہندوستانی کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کریں اور خاص طور پر کم مراعات والے طبقات پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ سیول سرویس عہدیداروں کو غیر جانبدار ہونا چاہئے اور ان کا ایک وسیع تر ویژن قومی یکجہتی اور سب کی ترقی ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی امتیاز کے بغیر خدمات انجام دینے کا نظریہ گاندھی جی ‘ ڈاکٹر امبیڈکر اور دین دیال اپادھیائے نے پیش کیا تھا اور اس پر عمل آوری کی جانی چاہئے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سارا ملک اعلی سیول سرویس عہدیداروں سے اعلی ترین خدمات کی امید رکھتا ہے اور انہیں اپنا رول ماڈل سمجھتا ہے ۔ ان عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے اور ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کو یقینی بنانے کیلئے خدمات انجام دیں۔ ہندوستان ایک ہمہ مذہبی ‘ ہمہ لسانی تکثیری سماج ہے اور مادری زبان کو اس کی اہمیت دی جانی چاہئے ۔