آئی اے ایس امیدواروں کی ٹریننگ کیلئے بی جے پی کے انسٹی ٹیوٹ: ویرپا موئیلی
حیدرآباد۔/13 جون، ( پی ٹی آئی) کانگریس کے سیینئر لیڈر اور مرکزی وزیر ایم ویرپا موئیلی نے الزام عائد کیا ہے کہ مقررہ مقابلوں کے بغیر بھرتیوں کیلئے بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت کا اقدام سیول سرویسس کو زعفرانی رنگ دینے کے روڈ میاپ کا ایک حصہ ہے۔ موئیلی نے جو دوسرے انتظامی اصلاحات کمیشن کے صدر نشین رہ چکے ہیںان بھرتیوں کے اعلان کے وقت پر بھی اعتراض کیا۔سوال کیا کہ اس قسم کا کوئی بڑا فیصلہ کس طرح کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ مرکز میں انتخابات کیلئے ایک سال سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے۔ موئیلی نے کہا کہ 25 فیصد بیوروکریس کو پہلے ہی زعفرانی رنگ میں ڈھالا جاچکا ہے۔ کانگریس قائد نے دعویٰ کیا کہ آئی اے ایس امتحانات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کے لئے بی جے پی کی طرف سے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس چلائے جارہے ہیں۔ این ڈی اے حکومت سیول عہدیداروں کو خالصتاً ان کے نظریات کی بنیاد پر ترجیح دی جارہی ہے۔ یہ دراصل سیول سرویسس کو زعفرانی رنگ دینے کے روڈ میاپ کا ایک حصہ ہے۔