بڈاپسٹ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہنگری کی سرحد پر کئی گھنٹے روکے جانے کے بعد سینکڑوں پناہ گزین ٹرین کے ذریعے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا پہنچ گئے ہیں۔ ان میں سے بہت سے فوراً جرمنی جانے کے لیے پھر سے ٹرین میں سوار ہو گئے۔ خیال رہے کہ گذشتہ جمعرات کو ہنگری میں ایک ٹرک سے 71 تارکینِ وطن کی نعشیں پائے جانے کے واقعے کے بعد سے آسٹریا کی حکومت شاہراہوں کی خصوصی نگرانی کر رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صرف گذشتہ مہینے ایک لاکھ 7500 تارکینِ وطن یورپ میں داخل ہوئے ہیں۔ گذشتہ روز آسٹریا میں حکام نے ملک کی مشرقی سرحدوں پر گاڑیوں کی تلاشی کے آپریشن کے دوران پانچ مشتبہ انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری جانب آسٹریا میں ہزاروں افراد نے جلوسوں میں شرکت کی اور تارکینِ وطن کو بہتر حقوق دینے کا مطالبہ کیا۔