یاونڈے ۔ 26 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نائیجیریا کے تقریباً پانچ سو فوجی اسلام پسند جنگجو گروہ بوکو حرام کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد فرار ہو کر کیمرون میں داخل ہو چکے ہیں۔ جنگجو گروہ نے قصبے کے روایتی حکمران کے محل پر، امیرِ گووزا کے نام کے پرچم لگا دیے ہیں۔ کیمرون کی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیدئر باجیک کا کہنا تھا کہ 480 مفرور فوجیوں کو غیر مسلح کر دیا گیا ہے اور انھیں ایک سکول میں رہائش دے دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق شمال مشرقی نائیجیریا میں سرحدی قصبے گمبورو نگالا میں ابھی بھی لڑائی ہو رہی ہے۔ نائیجیریا کی حکومت نے 2003 میں اپنی تین شمال مشرقی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی، لیکن علاقے میں ہزاروں فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود گزشتہ چند ماہ کے دوران یہاں نہ صرف مزاحمت جاری رہی ہے بلکہ اس میں شدت آ چکی ہے۔ پچھلے ہفتے فوجیوں کے ایک گروہ نے بوکوحرام کے خلاف لڑنے کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ ان فوجیوں کا کہنا تھا کہ بوکو حرام کے شدت پسندوں کے پاس ان سے بہتر اسلحہ ہے۔