کانگریس تحریک کا حصہ نہیں رہی ، ٹی آر ایس قائد این نرسمہا ریڈی
حیدرآباد۔/18اپریل، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سینئر قائد این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ سینکڑوں طلباء اور نوجوانوں کی قربانیوں کے سبب تلنگانہ ریاست وجود میں آئی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تلنگانہ قائدین جنہوں نے کبھی بھی تحریک میں حصہ نہیں لیا، انتخابی فائدہ کیلئے ٹی آر ایس سربراہ پر تنقید کررہے ہیں۔نرسمہا ریڈی نے تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر پونالہ لکشمیا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پونالہ لکشمیا سیما آندھرائی طاقتوں کے ایجنٹ کے طور پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے وی پی رامچندر راؤ کی سرپرستی کے باعث پونالہ لکشمیا کو تلنگانہ پی سی سی صدر کا عہدہ حاصل ہوا۔ انہوں نے صدر پی سی سی کو کے وی پی کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں آندھرائی طاقتوں کے تسلط کی برقراری کیلئے پونالہ لکشمیا ان کے اشارے پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے دورن ایک بھی کانگریسی قائد کو جیل نہیں بھیجا گیا جبکہ ٹی آر ایس اور دیگر جماعتوں کے قائدین پر کئی مقدمات درج ہیں۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں اپنے عہدوں سے چمٹے رہنے والے کانگریس قائدین اب بلند بانگ دعوے کررہے ہیں۔ تلنگانہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ کس نے تحریک میں حصہ داری نبھائی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کانگریس تلنگانہ قائدین کو عوام سبق سکھائیں گے۔ نرسمہا ریڈی نے ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ کی تعمیر نو ٹی آر ایس کے سبب ہی ممکن ہے۔
ے ۔۔