مسنا ( لبنان ) 28 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سینکڑوں شامی پناہ گزین آج لبنان سے دوبارہ اپنے ملک میں داخل ہونے شروع ہوگئے ہیں۔ لبنان سے اپنے ملک واپس ہونے والا شامی پناہ گزینوں کا یہ ایک بڑا گروپ ہے ۔ درجنوں افراد کو منتقل کرنے والی بسیں آج دوپہر کے اوقات میں لبنان سے شام میں داخل ہوئی ہیں جبکہ مزید 30 بسیں شامی پناہ گزینوں کے ساتھ لبنان میں روانگی کیلئے تیار تھیں۔ روس نے سینکڑوں شامی پناہ گزینوں کو ان کے ملک کو واپس بھیجنے کی مہم شروع کی ہے اور گذشتہ ہفتوں کے دوران سینکڑوں شامی باشندے اپنے آبائی شہروں کو واپس ہوئے ہیں۔ لبنان کی جنرل سکیوریٹی ڈائرکٹوریٹ کے میجر جنرل عباس ابراہیم نے شامی پناہ گزینوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ملک واپسی کیلئے یہاں رجسٹریشن کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے ان پناہ گزینوں کی واپسی میں قدرے تاخیر ہو رہی ہے ۔ شامی ٹی وی نے کہا کہ امکان ہے کہ تقریبا 1200 شامی پناہ گزین آج ایک دن میں اپنے ملک واپس ہونگے ۔ ایک شامی خاتون نے واپسی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جذبات بیان کرنے سے قاصر ہے ۔
شمالی کیلیفورنیا میں جنگل کی آگ ‘ 500 ڈھانچے تباہ
ریڈنگ ( امریکہ ) 28 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کیلیفورنیا کے ایک چھوٹے سے علاقہ کسوک میں جنگل کی آگ کے نتیجہ میں تقریبا 500 ڈھانچے تباہ ہوگئے ہیںاور اب یہاں صرف چند گھر باقی رہ گئے ہیں۔ سارا علاقہ اس آگ کی وجہ سے متاثر ہے اور فضا میں بھی جلنے کی بو اور کیمیائی مادے پائے جانے کا شبہ کیا جا رہا ہے جس سے عوام کو مزید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔